امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم قومی و صوبائی اسمبلی میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کی آئندہ حکمت عملی و انتخابی مہم کے حوالے سے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں ایک ماہ کا وقت ہے، کارکنان عوام کو امید دلائیں اور نوجوانوں کو اپنے ساتھ ملائیں۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ کارکنان ہر شہری سے رابطہ کریں، 8 فروری کا دن ترازو جماعت اسلامی اور شہر کی تعمیر و ترقی کا دن ہو گا، شہر کی تعمیر وترقی سے پاکستان کی ترقی ہو گی، گزشتہ سال جنوری کے مہینے میں بھی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے، ایک طویل عرصے بعد کارکنان کی جدوجہد کی وجہ سے شہریوں نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ مینڈیٹ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی قربانیوں اور شہداء کے لہو کی برکت سے آج جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی، میئر کے انتخاب میں پیپلز پارٹی سب کے سامنے بے نقاب ہو گئی، بلدیاتی انتخابات کے عمل سے کراچی سمیت پورے ملک نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی موجودگی میں شہر لاوارث نہیں ہے، شہر ایک مرتبہ پھر آگے بڑھے گا، بلدیاتی انتخابات کے اپنے مینڈیٹ سے ایک دن کے لیے بھی دستبرداری قبول نہیں کی، ہم قومی و صوبائی اسمبلی میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے اور میئر بھی جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں ہے، قبضہ میئر نے کراچی کے میڈیکل کالج کی فیسوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کر دیا ہے، نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں نہیں ملتی، کراچی کے لوگوں کو پولیس میں بھرتی نہیں کیا جاتا۔
