اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف جنگ میں اسی قدر تیزی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ابتداء میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے فاتحہ کی اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا۔
نگران وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں ابتدائی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست شہداء کے لواحقین کو کبھی نہیں بھولے گی، شہید پولیس اہلکاروں نے ہمارے آنے والے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف جنگ میں اسی قدر تیزی آئے گی، دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔
