Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک شخص کو چوتھی بار عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص کو چوتھی بار عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف 2 جماعتیں الیکشن لڑرہی ہیں، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا آپکو نئی سوچ چاہیے یا وہی پرانی سیاست؟ فیصلہ کرنا پڑے گا کہ ملک کا مستقبل کس کو دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ چوتھی بار وزیراعظم بنے تو انہوں نے پھر وہی کام کرنا ہے، یہ پھر جھگڑا کریں گے اور پھر کہیں گے مجھے کیوں نکالا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کرنے کیلئے الیکشن لڑتے ہیں، یہ الیکشن اس لیے لڑرہے ہیں تاکہ جیل سے بچ جائیں، پیپلزپارٹی گھبراتی نہیں، پہلے بھی میدان میں تھے آج بھی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا شیر ہے یہ اپنے گھر میں چھپتے ہیں، میں ان کے گھر میں گھس کر ماروں گا، یہ ڈرتے ہیں کہ باہر نکلے تو عوام انکے ساتھ کیا کریں گے

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم انتخابات میں عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں، 8 فروری کے الیکشن میں بلا نہیں رہا، شیر اور تیر کا مقابلہ ہوگا، شیر کے شکار کیلئے تیر ہی استعمال کیاجاتا ہے، عوام میرا ساتھ دیں شیر کے شکار کا بندوبست کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ماہ ن لیگ کے وزیر خزانہ سے کردار سے مطمئن ہیں؟ کیا آپ اسی شخص کو پھر وزیرخزانہ دیکھنا چاہتے ہیں؟ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، ہمیں ایسی جماعت چاہتے جو3 نسلوں سے غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کررہی ہو، ان کی حکومت آتی ہے تو وہ عوام کو تکلیف پہنچاتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ یہ چوتھی بار آپکا وزیراعظم بن گیا تو 5 سال بلوچستان میں ترقی نہیں ہوگی، پی پی کا وزیراعظم بنتا ہے تو عوام کی حکومت ہوگی، بلوچستان کے عوام اس شخص کو جان چکے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم 3بار ناکام شخص کو چوتھی بار کیوں مان لیں، ہم نہیں مانتے، ہم 8 فروری کو اپنا حق چھینیں گے، اپنی حکومت بنائیں گے، عوام پر ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان کے عوام یہ فیصلہ نہیں مناتے، پاکستان کے عوام اس شخص کو اپنا نمائندہ نہیں مانتے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version