پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے سابق چیئرمین پی ٹی ائی کے ایران سے متعلق بیان کو غداری قرار دے دیا۔
سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اسرائیل اور بھارت سے چندہ لینے والے نے یہی بیان دینا تھا، یہ غدار پاکستان پر چار سال تک وزیراعظم مسلط رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر حملے کی مذمت کرنے کے بجائے پاکستان کی خودمختاری کے حق پر کمپرومائز کرنے کا بیان ہے، یہ پاکستان کے بجائے دہشت گردوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسے پاکستانی بچوں کی شہادت کا غم نہیں، دہشت گردوں کے مارے جانے کا غم ہے، اس سوچ پر لعنت ہے، یہ بیان کوئی محب الوطن پاکستانی نہیں صرف دہشت گردوں کا ترجمان کر سکتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مجرم کے خلاف اس بیان پر پاکستان سے سنگین غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کا کرارا جواب
واضح رہے کہ پیر کے روز ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔
ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جیش العدل نامی تنظیم کے دو ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا تھا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں جس کی ذمے داری ایران پر ہی عائد ہو گی۔
