Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن 2024؛ پولنگ اسٹیشن کے قریب میڈیکل کیمپس قائم کرنے کی ہدایت

الیکشن 2024 میں پولنگ اسٹیشن کے قریب میڈیکل کیمپس قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے 8 فروری کو عام انتخابات کے پیش نظر ڈی جی سندھ، ڈی ایچ وز، ایم ایس اور ریسکیو 1122 کو تیاریوں کی ہدایات جاری کردی ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے 8 فروری کو عام انتخابات کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے قریب میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے میڈیکل کیمپس میں پیرامیڈیکل اسٹاف، ضروری ادویات سمیت دیگر ساز وسامان فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی اور کہا گیا کہ مریضوں کی فوری طبی امداد کے لیے ایمبولینسز کو اسٹینڈ بائی رکھا جائے۔

دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی نے عام انتخابات کے لیے 80 فیصد شہر کو حساس قرار دے دیا ہے۔

کراچی میں عام انتخابات کو پر امن رکھنے کے لیے پولیس کو افرادی قوت میں کمی کا سامنا ہے تاہم ایڈیشنل آئی جی کراچی نے حکومت سے افرادی قوت کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا کہ شہر میں عام انتخابات کے لئے 5 ہزاد سے زائد پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، مجموعی پولنگ اسٹیشنز میں سے 2 ہزار پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 2 ہزار 700 کے قریب ہے، پولنگ اسٹیشنز اور عوام کی حفاظت کے لئے 45 ہزار فورس کی ضرورت ہے جب کہ کراچی پولیس کے پاس صرف 35 ہزار فورس موجود ہے۔

خادم حسین رند کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس کو الیکشن ڈیوٹی کے لئے 10 ہزار پولیس فورس کی کمی کا سامنا ہے جس کے لیے حکومت سے 10 ہزار فورس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ مطلوبہ 10 ہزار فورس میں 9 ہزار مرد اور 1 ہزار خواتین کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرد فورس کی کمی کو اینٹی انکروچمنٹ، مختلف سیلز اور اداروں سے پورا کیا جائے گا، خواتین فورس کمی کو پورا کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورک کی خدمات لی جائیں گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سیکیورٹی طے شدہ منصوبے کے تحت عمل میں لائی جائے گی، انتہائی حساس پر 8، حساس پر 6 اور نارمل پر 4 افسران و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version