Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات کیلئے لاہور کے کتنے فیصد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے؟

الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لئے لاہور کے 90 فیصد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دے دیے گئے ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور سے 44 حلقوں کے لیے کل 4 ہزار403 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں سے 3540 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا جبکہ 813 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دے دیے گئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عام انتخابات کے لئے لاہور میں صرف 50 پولنگ اسٹیشنز نارمل قرار دیے گئے، تاہم حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ آرمی کے جوان بھی تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ لاہور میں چودہ قومی اسمبلی اور 30 صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر پولنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے انعقاد میں صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے روز ماحول خوشگوار رکھنے کے لیے ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کو 3 حصوں میں تقسیم کیا ہے، کل 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز میں سے 41 ہزار 890 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا ہے، جس میں سیکیورٹی کو بھی برابر رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ 32 ہزار 508 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ان پولنگ اسٹیشن میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، ایف سی اور رینجرز تعینات کیے جائیں گے جبکہ 17 ہزار 411 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version