Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان درست سمت پر گامزن ہے، گوہر اعجاز

گوہر اعجاز نےکہا ہےکہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان درست سمت پر گامزن ہے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے داخلہ تجارت و صنعت، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کی برآمدات میں مثبت رجحان کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، جنوری 2024 میں پاکستان کی برآمدات گزشتہ سال کی نسبت 26.9 فیصد بڑھ کر 2.786 بلین ڈالر ہوگئی ہیں، جنوری میں درآمدات پچھلے سال کی نسبت 4.5 فیصد کم ہوکر 4.665 بلین ڈالر ہوگئی ہیں۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی تجارتی حجم کو مسلسل بڑھا رہا ہے، رواں مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت درآمدات 16- فیصد کم ہوکر 30.010 بلین ڈالر ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی تجارتی خسارہ گزشتہ سال 20.005 بلین ڈالر کے مقابلے میں 39- فیصد کم ہو کر 12.244 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔

گوہر اعجاز کا یہ بھی کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں برآمدات میں تقریباً 2 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا، درآمدات میں تقریباً 6 بلین ڈالر کی کمی ہوئی، الحمدللہ رواں مالی سال تجارتی خسارہ 7.8 بلین ڈالر کم ہوا۔

وفاقی وزیر برائے داخلہ تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان درست سمت پر گامزن ہے، یہ مثبت رجحانات اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ہماری حکومت کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version