میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی تمام بڑی شاہراہیں کلیئر ہیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم اور مصطفیٰ کمال کیلئے شہر الگ ہے اور میرے لیے الگ، الزامات لگانے والوں کو حقائق کا پتا نہیں ہوتا، کچھ لوگ نہیں چاہتے شہر ترقی کرے۔
انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی انتخابی مہم کسی کو نظر نہیں آرہی، الیکشن کمیشن کا 26 جنوری کو نوٹس آیا، 27کو جواب دیا، کل کراچی کی سڑکوں پر کام کررہا تھا، اس پر بھی نوٹس دے دیا، شہر کی خاطر 50 ہزار کیا 50 لاکھ بھی دینا پڑے تو دوں گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے نہ کروں گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ مجھے کوئی ایک الیکشن مہم بتادیں جہاں میں شامل ہوا، سڑک سے پانی نکالوں یا پریس کانفرنس میں تنقید کا جواب دوں، نوٹس آتا ہے، عوام کی خدمت کرنے کیلئے ٹیم کے ساتھ سڑکوں پر تھا، سینٹرل والے نوٹس کا علم نہیں تھا، لاعلمی کی وجہ سے جواب نہیں دیا تو کچھ خیال کرنا چاہیے تھا۔
انکا کہنا تھا کہ شہر کی خدمت کرنے کیلئے کسی کی ہدایت کی ضرورت نہیں، تنقید کرنے والے کریں، کام کرنے والے کام کرینگے، کراچی کے عوام کے ساتھ ہوں کام کروں گا، کمرے میں بیٹھ کر ویڈیوز بنانا سب سے آسان کام ہے، مشکل وقت میں ہم لوگ ہی سڑکوں پر موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک سوچ ہے جو کہتی ہے تنقید کرو اور تعصب کی بات کرو، کراچی والے فیصلہ کرلیں گے کس نے کام کیا ہے، جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمین ہمیں نظر نہیں آئے، شہر میں جو کمی اور کوتاہی ہے اسے ٹھیک کیا جائے گا، مسئلے کے حل کیلئے نہ مصطفیٰ کمال جائیں گے نہ حافظ نعیم۔
میئر کراچی نے کہا کہ جہاں مشکلات اور پریشانیاں ہیں وہاں کام کررہےہیں، خوف اور جبر کی سیاست سے شہر محفوظ رہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں شہر میں کام ہوا، کراچی کی تمام بڑی شاہراہیں کلیئر ہیں، نشیبی علاقوں سے کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا گلا گھونٹنے کیلئےمودی نے غیر اخلاقی ترمیم کی، اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے جارحیت کو فوری ختم کیا جائے، تمام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
