سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے دور میں سب کچھ سستا تھا تو پھر آپ نے مجھے کیوں نکالا۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے مری میں ن لیگ کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعظم تھا تو عوام کی خدمت کررہا تھا، افسوس ہے میرے جانے کے بعد ملک کا کیا حال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں روٹی، گھی ، پٹرول سب کچھ سستا تھا، میرے دور میں سب کچھ سستا تھا تو پھر آپ نے مجھے کیوں نکالا۔
نواز شریف نے کہا کہ جس نے مجھے نکالا تھا آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا، وہ شخص 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا تھا آج گھر جارہا ہے، مجھے تاحیات نااہل کیا گیا تھا میں آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولا، نوازشریف
انکا کہنا تھا کہ مجھے نکال دیا تو میری جگہ جس کو لائے وہ کہتا تھا ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، کیا کسی کو نوکری ملی ، وہ انڈے مرغی کہاں چلے گئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بلین ٹری کا جھوٹ بولا گیا، بلین روپے خرچ کردیے گئے، 50 لاکھ گھروں میں سے کسی کو ایک گھر بھی ملا؟
نواز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو دوبارہ تعمیر کرے گی، ایک موٹروے بنائیں گے جو مری کے چاروں طرف آئے گی۔ ہم اپنے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
