ملک میں انتخابی پارہ ہائی ہونے لگا ہے، الکیشن 2024 میں اہم حلقوں میں بڑے سیاسی قائدین آمنے سامنے نظر آئیں گے۔
ملک میں مختلف حلقوں میں اہم سیاسی قائدین کے بڑے ٹکراؤ سے متعلق بول نیوز نے بتایا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 127 میں بلاول بھٹو کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ سے ہے جبکہ آزاد اُمیدوار ظہیر عباس کھوکھر بھی اس حلقے میں موجود ہیں۔
این اے 130 لاہور میں اصل مقابلہ نواز شریف کا تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ آزاد امیدوار سردار لطیف کھوسہ کے ساتھ ہے جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 119 میں مریم نواز کا مقابلہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق سے ہے۔
اس کے علاوہ این اے 71 سیالکوٹ میں خواجہ آصف کا مقابلہ ریحانہ ڈار سے ہے، جوعثمان ڈار کی والدہ ہیں۔
این اے 151 ملتان میں علی موسیٰ گیلانی کا مقابلہ مہربانو قریشی سے ہے اور این اے 44 میں علی امین گنڈا پور، مولانا فضل الرحمان اور فیصل کریم کنڈی کا مقابلہ ہے۔
این اے 248 کراچی میں خالد مقبول صدیقی اور ارسلان خالد، پیپلز پارٹی کے محمد حسن خان اور جماعت اسلامی کے محمد بابر خان کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔
علاوہ ازیں این اے 241 کراچی ڈاکٹر فاروق ستار کا مقابلہ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان سے ہے جبکہ این اے 56 میں شیخ رشید، حنیف عباسی اورشہر یار ریاض مدمقابل ہیں۔
مزید برآں این اے 256 میں بی این پی کے اختر مینگل، آزاد امیدوار شفیق مینگل اور نواب اسرار اللہ مدمقابل ہیں جبکہ این اے 257 سے مسلم لیگ ن کے جام کمال خان، پیپلز پارٹی کے عبدالوہاب بزنجو اور آزاد امیدوار میر علی احمد زہری کا مقابلہ ہے۔
