Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلاول بھٹو کا آزاد امیدواروں سے متعلق اہم اعلان

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد امیدواروں سے متعلق اہم اعلان کر دیا ہے۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عوام کا شکر گزار ہوں، وہ نکلے اور اپنے ووٹ کا استعمال کیا، پیپلزپارٹی کی کامیابی پر پارٹی کے سپورٹرز اور ووٹرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کی چاروں صوبوں میں نمائندگی ہے، ابھی تک تمام حلقوں کے نتائج سامنے نہیں آئے ہیں اور آزاد امیدواروں نے بھی ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بیرسٹر گوہر سے رابطہ نہیں ہوا، ہم حتمی نتائج کے انتظار میں ہیں، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سے نہیں دیگر کچھ آزاد ارکان سے رابطہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کے ووٹ کے بغیر منتخب نہیں ہو سکتا، ہم مکمل نتائج کے بعد بلوچستان اور وفاق میں حکومت کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت سے ملاقات ہوگی یا نہیں یہ بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، رات تک ہم لاہور میں جیت رہے تھے، صبح پتہ چلا ہار گئے، میں کسی شخص کے خلاف نہیں ایک سوچ کے خلاف تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی تک پیپلزپارٹی نتائج کے انتظار میں ہے، وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی کا امیدوار تو میں ہی ہوں، اس وقت کوئی بھی اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتوں کو فیصلے کرنے دیں، میرا وزیراعظم بننے سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ ہم ایک نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں، بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے مفاہمت کا راستہ اپنائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version