لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان قیادت کے درمیان مل کر چلنے پر اصولی اتفاق ہوگیا۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم وفد کے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں بتایا گیا کہ دونوں جماعتوں کے قائدین کی ملاقات تقریباً پچاس منٹ جاری رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور موجودہ صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملک اور قوم کے مفاد کے لئے مل کر چلا جائے گا، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیوایم میں بنیادی نکات طے پاگئے۔
قائدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک شدید مشکلات کا شکار ہے، اس وقت ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
ایم کیو ایم قائدین کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جو حکمت عملی بنائی جائے گی ہم اس میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکمت عملی تشکیل دے کر مزید رابطوں پر بھی اتفاق کیا گیا اوراس دوران راہنماﺅں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور اب تک ہونے والے رابطوں کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم وفد ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوگیا، تاہم ایم کیو ایم وفد آج ہی کراچی واپس پہنچے گا۔
قبل ازیں رائیونڈ آمد پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایم کیو ایم قائدین کا استقبال کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے محمد نوازشریف اور ایم کیو ایم کی طرف سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کی قیادت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، رانا مشہود بھی ملاقات میں شریک تھے جبکہ ایم کیوایم وفد میں گورنر سندھ کامران ٹسوری، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال شامل تھے۔








