پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی سربراہ پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف سے لاہور بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے طے پا گیا۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل ہیں۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، قائدین کا ملک کو سیاسی استحکام سے ہمکنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پراتفاق ہوا ہے۔
دونوں قیادتوں نے اتفاق رائے قائم کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے، دونوں جماعتوں کے قائدین کا اصولی اتفاق ہوا ہے، ملاقات میں دونوں جماعتوں نے صورتحال پر مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
