پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نام کی اس وقت کوئی پارٹی موجود نہیں، آزاد امیدواروں کے گروپ کو پارٹی نہیں کہا جاسکتا۔
لیگی رہنما اختیار ولی خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے، پورے صوبے میں جعلی فارم 45 تقسیم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں جنرل فیض کے مشن کو انجینئرڈ کرکے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا، پولنگ اوسط اتنی ہے ہی نہیں جتنی فارم 45 میں بتائی جا رہی ہے۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے دس حلقے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہیں، دس حلقے کھلیں گے نہیں تو انتخابی نتائج کوئی جماعت تسلیم نہی کرے گی۔
اختیار ولی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں تیسری جعلی اسمبلی بنا کر پختون قوم کو پتھر کے زمانے میں بھیج دیا گیا، خیبرپختونخوا میں انارکی پھیل رہی ہے ملک کے وجود کیخلاف سازشیں بُنی جا رہی ہیں۔
