Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاسی منظرنامہ تبدیل؛ شیر افضل مروت نے اہم اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے اہم اعلان کردیا ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کل مجھ سے رابطہ کیا اور ن لیگ کے بجائے ہمارے ساتھ حکومت سازی کا عندیہ دیا ، کل بانی تحریک انصاف سے ملاقات میں اس صورتحال سے آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دو ٹوک کہا تھا مینڈیٹ چوری کرنے والوں سے ہر گز تعاون نہیں کریںگے، علی امین گنڈا پور کا انتخاب بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف کی ترجمانی کریں گے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کو عجیب لطیفے سنائے جا رہے ہیں، انتخابات میں کراچی سے گیارہ سو ووٹ ایم کیو ایم کے امیدوار نے حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار نے 11 ہزار حاصل کیے، کراچی کے سترہ حلقے چیلنج کیے ہیں اور سارے حلقے پی ٹی آئی نے جیتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ حلقے اتنے طاقتور ہیں انہوں نے عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا ، پورے ملک میں مسلم لیگ ن پانچ حلقے جیتی ہیں، نواز شریف اپنی وکٹری اسپیچ کیسے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر اسی طرح عوام کا مینڈیٹ چوری ہوتا رہا تو الیکشنز پر عوام اعتماد نہیں کرے گی، ہم ایسی حکومت سے تعاون نہیں کر سکتے جنہوں نے ہماری سیٹیں چوری کی ہیں، الیکشن کے نام پر نو فروری کو ڈرامہ کھیلا گیا، ہمیں نہ تو انتخابی مہم چلانے دی گئی نہ ہی لیول پلیئنگ فلیڈ دی گئی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ آٹھ فروری کو عوام نے بلا خوف و خطر ووٹ کاسٹ کیا، اتنی بڑی تعداد نے ووٹ دیئے ان کے لیے سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے، اگر الیکشن کمیشن انصاف کرنا چاہتا ہے تو تمام آر اوز کو پیش ہونے کا حکم دے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ جعلی مینڈیٹ حاصل کر کے حکومت بنائیں گے، پاکستان تحریک انصاف اپنا مینڈیٹ ان کے حلق سے نکال لیں گے، اگر عمران خان احتجاج کی کال دیں گے تو ہم نہیں ڈریں گے، پاکستان کے لوگوں کا حق ان کو پہنچ کر رہے گا، سارے نظام کو بوسیدہ بنا دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان نے 28 ارب کے قرضے تین ماہ میں ادا کرنے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے بھی عندیہ دیا کہ ریمیٹنسز بند ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version