پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویزالہٰی نے انتخابی نتائج سے متعلق اہم اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویزالہٰی نے عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بانی پی ٹی آئی کو وزیر اعظم بنانا ہوگا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر لاڈلوں کو ڈاکا نہیں مارنے دیں گے، الیکشن کی اچھی بات یہ تھی کہ عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا اور الیکشن مہم بھی نہیں چلانے دی گئی، سب اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کا اظہارِ محبت قابلِ تحسین ہے۔
پرویزالہٰی نے کہا کہ چھاپے اور گرفتاریوں سے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا لیکن پھر بھی زندہ باد کا نعرہ لگا، پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلیوں کی نئی مثالیں قائم کی گئی ہیں، ہمارے امیدوار واضح جیت رہے تھے رات کے اندھیرے میں ڈاکا مارا گیا، عوامی مینڈیٹ سے خالی کمزور حکومت سے مسائل مزید بڑھیں گے۔
