پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی پی کو چاروں صوبوں میں نمائندگی ملی، ہمارے پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں دیکھیں۔
پیپلزپارٹی (پی پی) کے سرفراز بگٹی، سردار سربلند جوگیزئی، حاجی ملک شاہ گورگیج، ظہور بلیدی، عبدالسمد فورگیج نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔
سرفراز بگٹی
سابق نگران وزیر سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی پی فیڈریشن کی جماعت ہے، انتخابات میں ثابت ہوا کہ پی پی کو چاروں صوبوں میں نمائندگی ملی، ملکی مفاد میں ان انتخابات کو قبول کیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سے زیادہ وہی لوگ کامیاب ہوئے جو اپنے علاقے میں حیثیت رکھتے ہیں، پی پی کو بلوچستان میں مینڈیٹ ملا ہے، کچھ قوم پرست جماعتیں ہیں جو پہلے اندرونی اختلافات کا شکار رہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کا انتخابات سے کیا لینا دینا ہے، جو لوگ کامیاب ہوئے پہلی بار کامیاب نہیں ہوئے، آئین میں جو فورم دیے ہیں اگر تحفظات ہیں تو ان سے رجوع کیا جائے، پارلیمنٹ میں آئیں اور پارلیمنٹ کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس لئے کہتے ہیں بھٹو زندہ ہے کیونکہ اس کا نظریہ زندہ ہے، ہماری اکثریت آپ سے ہضم نہیں ہو رہی، ہم ایسی پالیسیاں بنائیں گے جس سے عام لوگوں کو فائدہ ہو۔
سابق نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ چھ آزاد ارکان ہیں جو پارٹی قیادت سے رابطے میں ہیں، وزیراعلیٰ کے امیدوار کی نامزدگی پارٹی قیادت نے کرنی ہے، ہمارے گیارہ لوگ ہیں ان میں سے کوئی بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ریاست کو پی پی کی ضرورت پڑی ہے ہم نے ساتھ دیا ہے، مسلم لیگ ن نے بلوچستان میں سپورٹ کرنے کا عندیہ دیا ہے، ن لیگ ہمارے ساتھ بلوچستان میں کابینہ میں ہوگی۔
سر بلند جو گیزئی
دوران پریس کانفرنس پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات سردار سر بلند خان جو گیزئی نے کہا کہ نوجوانوں نے بلوچستان میں پی پی کو ووٹ دیا ہے، بلوچستان میں وزیراعلیٰ ہمارا ہوا ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ کل بلوچستان میں چار نکاتی اتحاد بنا، وہ ہارنے کے بعد اتحاد بنا اور ہم پر تنقید کی، ہمارے ساتھ ریاستی اداروں پر بھی تنقید کی۔
سر بلند جو گیزئی نے کہا کہ اختر مینگل نے گزشتہ حکومت میں کرپشن کی انتہا کی، جس پر عوام نے اختر مینگل کو مسترد کیا، آپ آج بھی گورنر کی مراعات لے رہے ہیں، آپ کی نشستیں آپ کے اتحادیوں نے جیتی، ہمارے پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں دیکھیں۔
حاجی ملک شاہ گورگیج
پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما حاجی ملک شاہ گورگیج نے کہا کہ اگر فوج نہ ہو تو بلوچوں کو پتا ہے کہ حالات کیا ہو، ہر گھر میں گرنیڈ پھینکا جائے، فوج کی وجہ سے ہمیں کچھ تحفظ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام میں تبدیلی آ رہی ہے، بلوچستان کے لوگوں کو فخر کرنا چاہیے وہاں فوج ہے ورنہ دس دن کوئی نہ نکال سکے۔
