پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بغیر ثبوت الزام نہ لگائیں، ثبوت دیں اسٹیبلشمنٹ سے کس چیز کا سودا کیا؟
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کو طاقتور دیکھنا چاہتا ہوں، میں نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی، مجھ پر الزام لگانے سے پہلے ثبوت پیش کریں، بغیر ثبوت کے الزام لگایا گیا کہ میں سودا کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے سے پہلے ثبوت دیں میری ملاقات ہوئی یا نہیں، ن لیگ کو ووٹ دینا ہے تو اپنے مؤقف کی بنیاد پر دوں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کسی ایک کو اختیار نہیں دے رہے، عوام نے کسی ایک جماعت کو الیکشن میں اکثریت نہیں دی، عوام نے فیصلہ دیا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر بیٹھنا ہوگا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، آج ذوالفقار بھٹو ریفرنس پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، امید ہے ریفرنس پر انصاف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ججز فیصلہ کریں گے کیس میں انصاف ہوا یا نہیں، امید ہے تاریخی داغ کو دھویا جائے گا، آئین کے بانی کو عدالت سے انصاف ملے گا۔
