سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے ہونے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ 111 ووٹ لے کر سندھ اسمبلی کے 12ویں اسپیکر منتخب ہو گئے۔
آغا سراج درانی نے نو منتخب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ سے حلف لیا، اویس قادر شاہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی نشست سنبھال لی۔
جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ہونے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نوید انتھونی 111 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی سے نومنتخب اسپیکر اویس قادر شاہ نے حلف لیا۔
آغا سراج درانی نے کہا کہ تمام ممبران نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے اور ان کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس میں اویس شاہ نے 111 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ اسپیکر کے عہدے کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کی نامزد امیدوار صوفیہ سعید شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے۔
نتائج کا اعلان ہونے کے بعد اویس قادر شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور کہا کہ اپنی لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، اپنے حلقے کے لوگوں کا بھی مشکور ہوں، پیپلز پارٹی کو کامیاب کرانے پر سندھ کے عوام کا شکرگزار ہوں۔
اویس قادر نے مزید کہا کہ پہلی بار اسپیکر سندھ اسمبلی سکھر سے بنا، یہ بڑا اعزاز ہے، اس اسمبلی کا اسپیکر بنا جس نے پاکستان کی قرارداد پاس کی، ہاؤس کے تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
نو منتخب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی صدارت میں اسمبلی کے اجلاس میں اب ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی کارروائی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے 9، جماعت اسلامی کے 1 رکن نے حلف اٹھا لیا
اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا جس میں 10 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔
سنی اتحاد کونسل کے 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے آج سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، تاہم اسپیکر آغا سراج درانی نے تمام نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، صوبے کی بہتری کیلئے ہم سب بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 5 ماہ میں ملک مشکل دور سے گزرا، انتخابی مہم کے دوران ہمارے 12 کارکن شہید ہوئے، آنے والی حکومتوں کیلئے دہشت گردوں سے مقابلہ بڑا چیلنج ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں 168 نو منتخب ارکان میں سے 147 نے حلف اٹھایا تھا، تاہم جماعت اسلامی، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان حلف لینے نہیں آئے تھے۔
یاد رہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل ہوگا جبکہ قائد ایوان کے لئے کاغذات نامزدگی آج جمع ہوں گے۔
