سندھ اسمبلی میں بھی آج ہی وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا، جس میں ایم کیوایم کے علی خورشیدی اور پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
نو منتخب اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کے لیے کل 3 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے کل شام 6 بجے کا وقت تھا اور آج وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے، پیپلزپارٹی ارکان غلام قادرچانڈیو، صالح شاہ اور نعیم کھرل نے مرادعلی شاہ کے کاغذات جمع کرائے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، تاہم ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
خیال رہے کہ علی خورشیدی دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی رکن منتخب ہوئے ہیں، وہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں جبکہ مراد علی شاہ کو پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ نامزد کیا گیا ہے۔
گزشتہ روزسندھ اسمبلی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے اویس شاہ اسپیکراور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکرمنتخب ہوئے تھے۔
