Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مشتعل ہجوم میں گھری خاتون کو کیسے بچایا؟ بہادر پولیس افسر شہر بانو نقوی کا اہم بیان آگیا

مشتعل ہجوم میں گھری خاتون کو بچانے والی بہادر پولیس افسر شہر بانو نقوی کا اہم بیان آگیا ہے۔

مشتعل ہجوم میں گھری خاتون کو بچانے والی بہادر پولیس افسر شہر بانو نقوی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے جائے وقوع پر پہنچ پر یہ کوشش کی کہ خاتون کو وہاں سے نکالا جائے، یہ کمرشل علاقہ تھا، خطرہ یہ تھا کہ یہاں لوگوں کے پاس اسلحہ بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے ذریعے 15پر ہمیں کال ملی، جس میں کہا گیا کہ خاتون نے ایسا لباس پہنا ہے جو قابل اعتراض ہے، خاتون کو کہا گیا کہ وہ لباس تبدیل کرلیں مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

اے ایس پی لاہور نے کہا کہ خاتون کے لباس کے معاملے پر لوگوں کا ہجوم ہوگیا تھا، جب جائےوقوع پر پہنچتے ہیں تو حقائق پر پہنچنے میں وقت لگتا ہے، اس لیے پہلے ہم نے پہنچ کر یہ کوشش کی کہ خاتون کو وہاں سے نکالا جائے۔

شہر بانو نقوی نے کہا کہ جس خاتون پر الزام لگا ہماری پہلی کوشش تھی کہ خاتون کی حفاظت کریں، خاتون کو بچانے کیلئے لوگوں کے ہجوم سےنمٹنا اہم تھا ،سب سے پہلے ہمیں اپنا فرض نبھانا ہوتا ہے، فرائض کی انجام دہی کے دوران کچھ ہو جائے تو وہ بعد کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب لوگ کھڑے ہوکر صورتحال کو دیکھ رہے تھے ، ہم نے لوگوں سے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ آپ کو بھی صورتحال سے گزرنا پڑے، لوگوں سے یہی کہا کہ سب سے پہلے معاملے کی تصدیق کرنا ضروری ہے، کسی کی بات سچ بھی ہے تو سب سے پہلے اس کی حقیقت جاننا بھی ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version