جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں روڈوں پر آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پی بی 7 زیارت میں ری پولنگ کے دوران کارکنوں اور رہنماؤں پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرکے خواتین اور کارکنوں کو زخمی کیا گیا، حلقے میں تشدد اور دھونس سے پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے نتائج تسلیم نہیں، الیکشن کمیشن نوٹس لے، ٹانک میں بھی ری پولنگ کے دوران یہی رویہ اپنایا گیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ زخمی ہونے والے کارکنوں اور رہنماؤں کو فوری طبی امداد دی جائے، کارکن حوصلے بلند رکھیں، بزدلانہ کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں روڈوں پر آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، کارکن قانون ہاتھوں میں لینے کی بجائے جماعتی فیصلوں کا انتظار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ختم نہیں ہوتی، صاف شفاف انتخابات خواب ہی رہیں گے۔
