خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران اب تک 27 افراد جاں بحق جبکہ 38 زخمی ہوئے ہیں اس کے علاوہ بارشوں کی وجہ سے 129گھروں کو جزوی جبکہ 33 کو مکمل نقصان پہنچا ہے، جبکہ 56 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ متاثرہ افراد میں خوراک سمیت دیگر اشیاء بھی تقسیم کی جار ہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی کے کی ہدایت پر متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جارہا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو بروقت ریلیف پہچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، بند راستوں کو کھولنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو1122 کو مکمل الرٹ کی ہدایات جاری کردی۔
