مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہےکہ 5 سال بعد پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے حالیہ بیان میں کہاکہ سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں پی ٹی آئی کا پراپیگنڈہ قطعی بے بنیاد ہے، سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں ایکس (ٹوئٹر) پر پیش کردہ لیٹر محض ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایس سی سی ایف ڈی میں سرگودھا کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی منظوری اگر ہوئی تو بنوایا کیوں نہیں گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن اور کام کرنے کی رفتار دیکھ کر پی ٹی آئی پر سکوت مرگ طاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم انشاء اللہ اتنا کام کرے گی کہ 5 سال بعد پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ دوسرے کے کیے ہوئے کاموں کا کریڈٹ لینا پی ٹی آئی کا وطیر ہ ہے، کتنا جھوٹ بولیں گے، جھوٹ بول بول کر عوام کو گمراہ کرنے کا وقت گزر چکا ہے،ان کے دورمیں نا کوئی ہسپتال بنا اور نہ کوئی اسکول بس پیسے بنا تے رہے۔
انہوں نے کہاکہ جھوٹ بولنے میں پی ٹی آئی والے شیطان کو بھی مات دیے دیتے ہیں، پی ٹی آئی نے جھوٹ بولنے اور سچ سے گریز کی قسم کھائی ہوئی ہے۔
