وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات پر پیشہ ور بھکاریوں کےخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔
پیشہ ور گداگروں اور بھکاریوں کےخلاف گرینڈ آپریشن کے سلسلے میں 60 مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کارروائی کا حکم دیا گیا ہے جبکہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جارہا ہے۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہےکہ شہر کی مصروف اور اہم شاہراہوں کو گداگروں سے صاف کیا جائےگا، جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے۔
ذرائع کے مطابق 4 روز میں 60 پیشہ وار گداگروں کے خلاف کارروائی اور مقدمات درج کیے گئے ہیں، 300 سے زائد بچوں اور بزرگوں کو وارننگ دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہےکہ شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کیلئے نہیں، گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر بلکہ حادثات کا اندیشہ بھی رہتا ہے، ٹریفک سگنلز کو گداگری جیسی لعنت سے پاک کیا جائے گا، حوصلہ شکنی سے نہ صرف معاشرے میں بہتری بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ غریب ہونا جرم نہیں مگر اپنے آپ کو دوسرں کیلئے محتاج بنانا اخلاقاً جرم ہے، بھیس بدل کر بھیک مانگنے والوں کےخلاف مقدمات درج کروائے جائیں، عادی گداگر ہمدردی کےلئے جعلی معذروی کا سہارا لیتے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے گداگری جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دینے کی بھی اپیل کی۔
