پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے ایک مرتبہ پھر بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
اس حوالے سے اکبر ایس بابر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھا اور اس کی ایک کاپی وزیراعظم شہباز شریف کو بھی بھجوادی ہے۔
خط میں پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے لکھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کو 20 ماہ ہوچکے لیکن اب تک کوئی عملدر آمد نہیں ہوا۔
انہوں نے لکھا کہ نشاندہی کے باوجود غیر ملکی بینک اکاؤنٹس سے متعلق قانونی کارروائی نہیں ہوئی، ان غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج ازامکان نہیں۔
اکبر ایس بابر نے خط میں لکھا کہ 2 اگست 2022 کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے تمام پہلوؤں پرعملدرآمد کرایا جائے، کسی سیاسی جماعت کا بیرون ملک بینک اکاؤنٹس کھولنا اور اسے خفیہ رکھنا جرم ہے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن نے لکھا کہ پی ٹی آئی کی غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود قانونی کارروائی نہ ہونا پریشان کن بات ہے۔
