وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، انہوں نے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں ایف آئی اے حکام نے محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، انسانی اسمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس ناسور کا سدباب ممکن ہو سکے۔
دوران اجلاس محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور زیر التوا پرموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت دی گئی۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ ایک ماہ کی مقررہ مدت میں تمام زیرالتوا پرموشن کیسز کو نمٹایا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔
دوران اجلاس وزیر داخلہ کے گزشتہ ہفتے ایف آئی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر جاری احکامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جیز اور پاکستان کے تمام ریجن کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
