لاہور: وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے لاہور میں یوٹیلیٹی اسٹور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، انشاءاللہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا، عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ رمضان پیکیج میں بی آئی ایس پی کے صارفین کو سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کے لئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر کی گئی ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو دستیاب سہولیات، اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لیا اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریٹ لسٹ بھی چیک کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آنے والے صارفین سے گفتگو کی اور ان سے فراہم کی جانے والی اشیاء سے متعلق سوالات بھی کیے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز اسٹاف نے بتایا کہ اسٹور پر گھی 335 روپے فی کلو گھی اور چینی 109 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے، بی آئی ایس پی صارفین کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر موجود دالوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی کوالٹی بھی چیک کی اور ان کی قیمتوں سے متعلق دریافت کیا۔
