لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک دو سال مشکل ہی سہی لیکن سب ملکر پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں ارکان اسمبلی نے متعلقہ حلقے میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا اور رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف کو مبارکباد بھی دی۔
علاوہ ازیں ارکان اسمبلی نے صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا بھی کیا۔
دوران ملاقات سابق وزیراعظم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے، ہماری حکومت کونہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جوکیا، سب نے دیکھا، مسلم لیگ ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے، ایک دو سال مشکل سہی،اسودگی کا وقت ضرور آئے گا۔
انکا کہنا تھا کہ سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا، آپ کی سی ایم آپ کے ساتھ ہے ملکر صوبے اور ملک کے لئے کام کریں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا، خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہونے کا بہت دکھ ہے۔
دوسری جانب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں، ڈور پھرنے والا بہت تکلیف دہ ہے، بچے کے ساتھ ظلم ہوا، واقعہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔
انہوں ںے کہا کہ ہمارا اجتماعی شعور شاید ان واقعات کا عادی ہوچکا ہے، ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قانون لارہے ہیں، عمل بھی کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں اور میٹرو بس بھی لارہے ہیں، کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے، صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 600 روڈ کی تعمیر ومرمت، 5ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے، صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع سیف سٹی، آئندہ 3 ماہ میں 18 شہر میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا، 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔
بعدازاں ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف توقعات سے تیز رفتاری سے کام کررہی ہیں، ان سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔
