فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور میاں محمد نواز شریف فیصل آباد میں ریلوے ہاؤسنگ کالونی سمن آباد میں پتنگ کی ڈور سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ پہنچے۔
اس موقع پر پنجاب کی سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، ارکان اسمبلی، مسلم لیگ کے رہنما، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے آصف اشفاف کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی جب کہ اس موقع پر مرحوم کی والدہ ہچکیاں لے کر رونے لگیں اور کہا کہ ’’آصف کی شادی کرنی تھی‘‘۔
مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی دیتی رہیں جب کہ قائد محمد نواز شریف نے سوگوار خاندان کو دلاسہ بھی دیا۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ سب مل کر اس جرم کو روکیں، خوفناک وڈیو دیکھی نہیں جاتی جب کہ مرحوم کے بھائی اور والد نے کہا ہمارا آصف تو چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے۔
مریم نواز کہتی ہیں ’’ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں، آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے‘‘۔
انہوں نے کہا ’’پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے، والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا ’’دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی‘‘۔
آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایا کہ ڈور منگوانے ، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں جب کہ یہ کے پی کے سے پانڈا ڈور کے ذریعے سپلائی کی جا رہی تھی۔
