آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی مشکلات میں قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 4 اپریل کو چلاس گونر فارم کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹریفک میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے نائب صوبیدار خالد اور 2 سپاہی موقع پر پہنچے، ایف ڈبلیو او کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر شاہراہ کو کھولنے کے لیے کام شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایف ڈبلیواو کا دستہ زخمی ہوگیا، لینڈ سلائیڈنگ سے نائب صوبیدار خالد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 6 اپریل کو شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ زخمی سپاہی وسیم اور لانس نائیک عظمت صحت یاب ہورہے ہیں۔
