اسلام آباد پولیس کی جانب سے عید کی چھٹیوں پر جانے والے افراد کو گھر چھوڑنے سے پہلے پولیس اسٹیشن پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے عید پر مارکیٹس سیکیورٹی اور پیشہ ور بھکاریوں کے حوالے سے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان، مال کی حفاظت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنے صدقات پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز نہ دیں اور ان کی حوصلہ شکنی کریں، اگر آپ کو مارکیٹس، رہائشی علاقوں میں یہ پیشہ ور بھکاری نظر آئیں تو فوری پکار 15 پر اطلاع دیں۔
شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ مارکیٹوں میں دوران خریداری ہراسمنٹ کا واقعہ پیش آئے تو فوری پکار 15 پر اطلاع دیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں میں جانے والے شہری اپنا گھر چھوڑنے سے پہلے ضروری احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں تاکہ آپ کے گھر اور سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد ہو سکے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے مارکیٹوں میں گشت پر تعینات ہیں، پولیس کے افسران و جوان عیدالفطر کے موقع پر آپکی خدمت و حفاظت کیلئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔
