Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوشکی میں نامعلوم افراد نے 9 مسافروں سمیت 11 افراد کو قتل کردیا

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر بس سے پنجاب کے 9 افراد کو اغواء کرنے کے بعد قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی سمیت 5 زخمی ہو گئے۔

 پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے قتل کا افسوسناک واقعہ نوشکی کے مقام پر قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس کو نامعلوم مسلح افراد نے راستے میں روک لیا اور مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 9 افراد کو ساتھ لے گئے۔

دہشت گردوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو قریبی پہاڑوں میں لے جا کر گولیاں مار دیں، تاہم واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مرنے والے افراد کی لاشیں قریبی پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے برآمد کر لیں۔

اس حوالے سے ایس پی نوشکی اللہ بخش نے بتایا کہ نوشکی کے قریب بس سے اتار کر اغوا ہونے والے 9 افراد کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، جن کا تعلق منڈی بہاوالدین اور گجرنوالہ سے تھا۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے مزدود کوئٹہ سے تفتان جارہے تھے، تاہم مسلح افراد نے سلطان چڑھائی کے مقام پر ایک اور گاڑی پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نوشکی سے تعلق رکھنے والے دو افراد جاں بحق ہوئے اور رکن اسمبلی غلام دستگیر کے بھائی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پورٹ طلب

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ پر بس مسافروں کے اغواء کے بعد قتل کے اندوہناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم نے لرزہ خیز واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مقتولین کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوارخاندانوں کےساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مذمت

 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں بے گناہ مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، مسافروں کا قتل غیر انسانی فعل، ناقابل معافی جرم ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، نہتے اور معصوم افراد پر بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے، دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی آخری کونے تک پیچھا کریں گے، امن کے دشمن ملک کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو ثبوتاژ کرنا ہے، ریاست اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر داخلہ کی مذمت

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ نقوی نے بھی نوشکی میں مسافروں کے قتل کے واقعے کی مذمت کی اور المناک واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مریم نواز کی مذمت

بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسافروں کے قتل کے افسوسناک واقعے پر رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں، نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version