اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوشکی واقعے میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ پر بس مسافروں کے اغواء کے بعد قتل کے اندوہناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نے لرزہ خیز واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مقتولین کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوارخاندانوں کےساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزادی جائے گی، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
وزیر داخلہ کی مذمت
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ نقوی نے بھی نوشکی میں مسافروں کے قتل کے واقعے کی مذمت کی اور المناک واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم نواز کی مذمت
بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسافروں کے قتل کے افسوسناک واقعے پر رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں، نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر بس سے پنجاب کے 9 افراد کو اغواء کرنے کے بعد قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی سمیت 5 زخمی ہو گئے۔
