قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل دو ماہ بعد بھی مکمل نہیں ہوسکی، کمیٹیوں کی تشکیل کے سلسلے میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان مزاکرات آج ہوں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں حکومت اور اپوزیشن کے چیف وہپس کی ملاقات آج ہوگی، جس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فارمولا طے پانے کا امکان ہے۔
پی اے سی چیئرمین کیلئے شیرافضل مروت کے نام پر حکومتی اعتراض کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سینیئر رہنما حامد خان اور حامد رضا کے نام پیش کردیے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا نام بھی بانی پی ٹی آئی نے دیا تھا، وہ جو بھی نام دیں گے وہی ہمارا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ معاملات طے پانے کی صورت میں چالیس سے زائد قائمہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، حکومتی اتحاد کو 26 اور اپوزیشن کو 11 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ دیے جانے کا امکان ہے۔
