Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور مراکو کے مابین براہ راست پروازیں اور مضبوط فضائی روابط قائم ہونے چاہئیں، عاطف اکرام شیخ

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکو کے مابین براہ راست پروازیں اور مضبوط فضائی روابط قائم ہونے چاہئیں۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ کی مراکو کے سفیر محمد کرامون سے فیڈریشن ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور مراکو کے مابین براہ راست پروازیں اور مضبوط فضائی روابط قائم ہونے چاہئیں، پاکستان مراکو کے مابین تجارت توقع سے کم ہے نئے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز بنانا ہوں گے پاکستان میں سی پیک مستقبل میں تجارت کا بڑا مرکز ہوگا مراکو کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت میں بہت اسکوپ ہے، ہم بہت جلد ایک وفد لیکر مراکو جائیں گے جو وہاں کے بزنس مینوں کیساتھ  بی ٹو بی سرمایہ کاری کیلئے وینچرز کو ایکسپلور کرنے کے حوالے سے میٹنگز کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے یہاں سیاحت، تعمیرات، ہائیڈرو، ٹیکسٹائل، پنک سالٹ، سولر پاور کے منصوبوں، مائنز اینڈ منرل، جیمز اسٹون، زراعت سمیت بیشتر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق پاکستان کی مراکش کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جو کہ 2018 میں 24.85 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2022 میں 32.06 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے اس کو مزید بڑھانے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف چیمبرز پاکستان اور مراکش چیمبرز آف کامرس کو مزید تجارت کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، دو طرفہ دوروں میں سہولت فراہم کرنے، تجارتی تقریبات کے انعقاد اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینا ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔

اس موقع پر اعزازی قونصل جنرل مراکو اور چیئرمین پاکستان مراکو بزنس کونسل مرزا اشتیاق بیگ نے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکو کے پاس باہمی تجارت کیلئے بہت اہم شعبے ہیں، ہم بہت جلد ایک بڑا وفد لیکر مراکو جائیں گے جو وہاں کے صدر سے ملاقات بھی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ سال بھی وفد لیکر مراکو گئے تھے وہاں پر بریانی فیسٹول کیا تھا، پاکستانی چاول جو دنیا بھر میں سب سے بہترین ہے اس کی وہاں پر بہت ڈیمانڈ ہے۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی و سابق سنئیر نائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں فیڈریشن آف چیمبرز پاکستان کا نمائندہ ہوں اور صدر فیڈریشن کو یقین دلاتا ہوں کے قومی اسمبلی میں اپنی بزنس کمیونٹی کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے توانا آواز بنوں گا اور مختلف ادارہ جاتی سپورٹ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کروں گا۔

مراکو کے سفیر محمد کرامون نے فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مراکو یورپ کا گیٹ وے ہے جس کے افریقی اور یورپی یونین کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے ہیں پاکستان مراکو کے ذریعے ان معاہدوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت مراکو میں بہت اہم سیکٹر ہے جس میں پاکستان سرمایہ کار سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔سنگل کنٹری نمائش جیسی کاروباری ایکٹیویٹی پر کام کیا جا سکتا ہے،مراکش میں دس بڑی بندر گاہیں ہیں ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی،  بینکنگ سسٹم میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا برادر اسلامی ملک پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔

اس موقع پر چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک،کنونئیر ڈپلومیٹک کمیٹی احمد وحید،چئیرمین کوارڈینیشن ایف پی سی سی آئی ملک سہیل حسین،میاں اکرم فرید، نائب صدر آئی سی سی آئی اظہر اسلام، ڈپٹی کنونئیر ڈپلومیٹک کمیٹی شیخ وحید ، چوہدری نصیر، طارق جدون، اسپیشل ایڈوائزر افشاں ملک، آمنہ ملک، راشد ہمایوں و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version