Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن؛ چیئرمین پی سی بی نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

لاہور: اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم، نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات جلد لینے کی ہدایت دی اور کہا کہ تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے کام میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے، اب بلاتاخیر آگے بڑھا جائے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی اور کہا کہ کمیٹی انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹرز پر مشتمل ہو گی، کمیٹی انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی قواعد و ضوابط کے تحت جلد ہائرنگ کے عمل کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی مشاورت سے تینوں اسٹیڈیمز میں عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی، اپ گریڈیشن پلان کے تحت بکسز میں اسٹرکچرل تبدیلیاں کی جائیں گی اور سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسٹیڈیمز کے انکلوژرز میں نشتیں لگائی جائیں گی اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے ہر نشت کا نمبر ہوگا، قذافی اسٹیڈیم کے مین گیٹ کے دو اطراف انکلوژرز میں نشتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے اسٹیڈیمز میں اسکور بورڈ اورلائیو اسٹریم کے لئے اسکرین تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ اسٹیڈیمز کی فلڈ لائٹس کو تبدیل کرنے کے لیے تحمینہ لگایا جائے۔

واضح رہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹرڈومیسٹک کرکٹ، ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version