وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے لیبر پارٹی کے برٹش پاکستانی امیدوار صادق خان کو تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ میئر بننے کی ہیٹرک مکمل کرنے پر صادق خان کو دلی مبارک پیش کرتا ہوں، برطانوی پاکستانی کے قابل فخر فرزند نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ تیسری بار میئر منتخب ہونا صادق خان کی قابلیت اور عوامی خدمت کا ثبوت ہے، انکی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ لیبر پارٹی کے برٹش پاکستانی امیدوار صادق خان تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوگئے، پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے نے میئر لندن بننے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
لندن میں میئر کے انتخاب کے لیے لیبر پارٹی کے صادق خان اور کنزرویٹیو پارٹی کی سوزن ہال کے درمیان کڑا مقابلہ تھا۔

















