لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کرنے والے تاریخ کے کوڑا دان میں نظر آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 9مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم 9مئی کو بھولے گی نہ معاف کرے گی، 9مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے، اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے، ہوس پرستوں نے قوم کی عزت و حرمت کی ریڈ لائن کراس کی۔
مریم نواز نے کہا کہ قومی ادارے کو کمزور کرنے کی سازش اور مجرم بے نقاب ہوچکے ہیں، سیاست کی خاطر ملک و قوم کے وقار کو پامال کرنے والے کسی معافی کے مستحکم نہیں ہوسکتے، نفرت کی آگ میں سلگتے ہوئے کردار اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے، قوم 9مئی کے ہر کردار کو جان چکی ہے اوران کے مکروہ چہرے پہنچان چکی ہے، شہداء کی بے حرمتی کرنے والے شہید کا مقام نہیں جانتے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ اب 9مئی کبھی نہیں ہونے دیں گے، 9مئی کرنے والے تاریخ کے کوڑا دان میں نظر آئیں گے۔
