کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تجارتی معاہدے کامیابی سے تکمیل تک پہنچیں گے۔
گورنر کامران خان ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کو کراچی ایئرپورٹ پر دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، حج کی بہت اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سال حج کے لئے خصوصی انتظامات کیے ہیں، اس سال عازمین حج کے لیے تربیت کا خصوصی انتظام کیا ہے۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی طرف سے کراچی ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے، اس پر میں سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے وزیر اور سیکریٹری سمیت تمام افسران تحسین کے مستحق ہیں، سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تجارتی معاہدے کامیابی سے تکمیل تک پہنچیں گے، روڈ ٹو مکہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنگ محمد بن سلمان پاکستان کے دورے پر آئیں تو خصوصی طور سندھ میں آنے کی انکو دعوت دیتا ہوں، سعودی سفیر سعید المالکی پاکستانیوں کے بھائی ہیں، پاکستان میں موجود سعودی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
