پنجاب کے ضلع خوشاب میں ٹرک بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حادثہ پنج پیر مناواں روڈ پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
متاثرہ خاندان بنوں سے مزدوری کے لیے ٹرک میں خوشاب آرہا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ لاشوں کو آبائی علاقوں میں بھیجنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی خاندان کے 14 افراد کےجاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔
انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جائے۔
