شدید گرمی میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے لگا، ملک میں آج بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 900 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں آج بجلی کی پیداوار 18 ہزار 655 میگاواٹ ہے، جبکہ ملک میں بجلی کی طلب 24 ہزار 555 میگاواٹ تک ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پن بجلی سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 975 میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 8 ہزار 350 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ ونڈ پاور پلانٹس سے 790 میگاواٹ سولر پاور پلانٹس سے 2 سو، بگاس سے 140 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ نیوکلئیر پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار 200میگاواٹ ہے۔
شارٹ فال کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس میں دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 8 سے 10 گھنٹے، شہری علاقوں میں یہ دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے اور لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
