Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، مریم نوازشریف

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں کریں گے اور صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہو ا جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ آئی جی پنجاب نے وزیر اعلیٰ کو امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

مریم نواز نے کہا کہ 13کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جاسکتی کیو نکہ جب جرائم زیادہ ہوتو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، پولیس کے ساتھ ہوں، اور فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، اسی لیے ونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا، اس کے علاوہ پولیس کو پورے وسائل مہیا کررہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے۔ پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرادی، اب پولیس پرفارم کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے او رجانچ کانظام لارہے ہیں، اس کے علاوہ بین الصوبائی اسمگلنگ روکنے کے لئے 14خصوصی چیک پوسٹ بنائی جارہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کررہے ہیں، جبکہ چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت کویقینی بنانا ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سدبا ب کے لئے موثر کارروائی کی جائے، کیونکہ بجلی کی چوری ختم ہوگی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہوجائیگی۔

مریم نواز نے کہا کہ  10افراد کو ہجوم سے بچانے اور باحفاظت نکالنے پر آئی جی،آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں، دوسری جانب ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہورمیں ڈکیتی کے واقعات میں 50 فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے۔ تنخواہ لیکر جانے والے مزدورں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے، اس کے علاوہ آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ قربانی کے جانور چھیننے اور چوری ہونے کے واقعات کا سدباب کیا جائے، اس کے علاوہ  ڈرگز کے سدباب کے لئے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس صوبے بھر میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کرے، جبکہ ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ اس کے علاوہ روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے۔

اس موقع پروزیراعلیٰ نے پنجاب کی جیلوں میں ”بیگر بیرک“ کے قیام کے تجویز پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ اس اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز، سی سی پی او اور دیگر حکام شریک تھے اس کے علاوہ تمام آر پی اوز، سی پی اوز،ڈی پی اوزکی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version