بیجنگ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
چائینہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے چیئرمین جناب لو ژاؤہوئی کی وزیراعظم شہباز شریف سے بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم اور چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے چین پاکستان کی منفرد اور پائیدار دوستی اور مشترکہ ترقی، اسٹریٹجک اعتماد اور باہمی فائدے سے چلنے والے عملی تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے کہا کہ پاک چین مشترکہ خلا میں سٹیلائٹ بھیجنے کے مشن سے پاک چین دوستی سرحدوں سے پار اب خلاؤں میں پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناب لو ژاؤہوئی آپ نے پاکستان میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں، آپ نہ صرف پاکستان میں چین کے سفیر تھے بلکہ آپ پاکستان میں پاکستان کے بہترین دوست بھی تھے اور یہ جذبہ اب بھی قائم ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کی سیکیورٹی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، پاکستان چین کے ساتھ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بلیو اکانومی، مواصلات، معدنیات و کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی ترقی کے ماڈل سے استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے، پاکستان ریلوے مین لائین 1 (ایم ایل 1) کی اپ گریڈیشن کا منصوبے میں چینی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر سی آئی ڈی سی اے نے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز اور صحت کے شعبوں معاونت کی پیشکش بھی کی۔

















