وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ چین کے تاریخی ورثے ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قدیم چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اور چینی ہنر کی تعریف کی۔
چینی صدرشی جن پنگ نے گزشتہ روز وزیرِ اعظم کو اپنے آبائی شہر شی-آن میں ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو دورے کے دوران تاریخی ورثہ جات کے تحفظ و بحالی اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قدیم چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اور چینی ہنرکو سراہا۔
وزیر اعظم نے ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کے دوران اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قومیں چین کی طرح اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں جبکہ دوسو برس قبل مسیح کے چینی کاریگروں کا ہنر قابل تعریف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ چینی حکومت کی اس تاریخی ورثے کی حفاظت اور بحالی قابل تقلید ہے جبکہ چین نے اپنی محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اس میوزیم کے دورے کی دعوت پر ان کا بے حد مشکور ہوں۔
اس موقع پر شہباز شریف نے مزید یہ بھی کہا کہ پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثے سے مالامال ہے، جبکہ پاکستان میں بھی ایسی تاریخی جگہوں کی بحالی کے بعد انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے۔
واضح رہے کہ اس دورے کے دوران وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، رانا تنویر حسین بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
