چیئرمین کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان سید اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق انجنئیرنگ کی اعلی تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔
چیئرمین کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ) اور امیدوار برائے چیئرمین پی ای سی انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے یہ بات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم اور انجینئرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
چیئرمین اشفاق شاہ نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ نوجوان انجنئیر ہر سال یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہورہے ہیں، حکومت کو ایسی پالیسیاں بنانی ہوں گی کہ یہ نوجوان ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک اور معاشرے کی موجودہ حالت اور جدید ٹرینڈز کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کیا جائے، اس کے علاوہ ایسے ڈیزائن بنائے جائیں جس کی بدولت بلڈنگ میں توانائی کا استعمال کو کم کیا جاسکتا ہو اور قدرتی وسائل کا استعمال جس میں جیو تھرمل، سولر توانائی کے ذرائع کا استعمال کیا جاسکے۔
اشفاق شاہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اکیڈمیا انڈسٹری روابط کو مضبوط کر کے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بھی معیشت کی بحالی کیلئے یہی طرز عمل اپنانا ہوگا۔
جبکہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے قریبی روابط سے یونیورسٹیوں کو انڈسٹری کے ضرورت کے مطابق طلبا تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اس وفد کی سربراہی ڈاکٹر اے کے ٹیپو کر رہے تھے اور اس وفد میں پروفیسر ڈاکٹر عابد، پروفیسر ڈاکٹر ندیم، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، سید اطہر، ڈاکٹر عدنان ودیگر شامل تھے۔
