گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرِ صدارت سی پی او میں آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء آسان بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ڈی ایل برانچ سندھ نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سروس فعال کر دی جائے گی، شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ اور بین الاقوامی ڈی ایل سمیت تجدید سے مستفید ہو سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن سہولت میں کوائف، لائسنس فیس اور فیس لینے والے بینک کی تفصیل منسلک ہوگی، لائسنس کی تجدید یا مستقل کیلئے شہریوں کو میڈیکل فٹنس اور بے فارم جمع کروانا لازمی ہوگا۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ مستند نجی یا سرکاری اسپتال سے میڈیکل فٹنس اور بے فارم جمع کروانا ہوگا جبکہ اوورسیز کیلیے ڈی ایل تجدید کیلیے میڈیکل فٹنس اور بے فارم سے متعلق تجاویز زیرِ غور ہیں۔
اجلاس میں آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ آن لائن ڈی ایل کا آغاز تجرباتی بنیاد پر شروع کیا جائے، مستقبل میں شہریوں کی سہولت کیلئے موبائل وین سہولت بھی متعارف کروائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن ڈی ایل کے اجراء کا مقصد شہریوں کو خاطر خواہ سہولیات فراہم کرنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا ڈیجٹلائزڈ ہو جائے گا۔
آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ آن لائن سہولت سے ڈی ایل کٹیگریز کے ریکارڈ کی ترتیب مزید بہتر ہو جائے گی۔
