Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائداعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائداعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ہیلتھ ٹاور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کے حوالے سے فوری طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ہیلتھ ٹاور میں بہترین معیار کے اسپتالوں کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی، نرسنگ یونیورسٹی، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور امراض کی تشخیص کے مراکز قائم کیے جائیں، صحت کا شعبہ ایک انتہائی اہم اور حساس شعبہ جس کے ذمہ انسانی جانیں بچانے کا اہم فریضہ ہے۔

وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے قومی وزارت صحت کے زیر تحت لیبارٹریز کے معیار اور کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور وزارت قومی صحت اور اس سے منسلک اداروں میں بہترین استعداد کے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے، ڈرگ پرائیسنگ کو ڈریپ سے الگ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے، اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں کا ہیومن ریسورس آڈٹ کروانے اور ملک بھر کے نرسنگ اسکولز اور کالجز کا آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کے اسپتالوں کا فضلہ پراسیس کرنے والے پلانٹس کی استعداد میں اضافہ کرنے اور ان پلانٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے صحت کے حوالے سے امور کی خود نگرانی کروں گا۔

اجلاس کو وزارت قومی صحت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن اینڈ بلڈ پراڈکٹس پراڈکٹس پالیسی جلد لائی جا رہی ہے، نرسنگ اور مڈ وائیفری کے حوالے سے قومی پالیسی فریم ورک پر کام حتمی مراحل میں ہے۔

بریفنگ کے مطابق نرسنگ گریجوئیٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے کچھ نرسنگ کالجز میں شام کی کلاسز کا اجراء کیا جائے گا، بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے حوالے سے نظر ثانی شدہ قومی ایکشن پلان برائے سال 2025-2030 پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد کے اسپتالوں کے لئے 711 ملین روپے کے نئے طبی آلات اور ایمبو لینسز خریدی گئی ہیں۔

دوران بریفنگ وزیراعظم نے اسلام آباد کے اسپتالوں کے لئے نئے طبی آلات اور ایمبو لینسز کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت کردی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں جدید ہاسپیٹل مینجمنٹ سسٹم لگایا جائے گا، اسلام آباد کے پانچ سرکاری اور چار نجی اسپتالوں میں فضلہ پراسیس کرنے کے پلانٹس کام کر رہے ہیں، ملک میں انسولین کی تیاری کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔

بریفنگ کے مطابق ملک میں مختلف ویکسینز کی تیاری میں اضافہ کیا جائے گا، پلازمہ فریکشنیشن کے مراکز اور فارما پارک قائم کیا جائے گا، کوئٹہ کے ٹرشری کیئر اسپتالوں میں مشینری اور آلات مہیا کئے جائیں گے، موسیٰ خیل میں 50 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال قائم کیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ٹرشری کیئر اسپتال بنایا جائے گا اور ایک نیا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال قائم ہو گا جبکہ گلگت بلتستان میں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور دانش اسپتال بنایا جائے گا، بعدازاں اجلاس کو کنگ سلمان اسپتال کی تعمیر پر پیشرفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version