لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ٹریفک رسپانس یونٹ لانچ کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک رسپانس یونٹ بائیک کا معائنہ کیا، وارڈن سے بات چیت، ٹریننگ اور دیگر اُمور کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے ٹریفک جام کی صورت میں پبلک ایڈریس کے ذریعے میسج کا بھی مشاہدہ کیا۔
ٹریفک رسپانس یونٹ کی لانچنگ کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے لاہور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں حائل ریڑھیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ریڑھیوں کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لین لائن ڈسپلن ہر صورت یقینی بنانے اور رکشہ اور موٹر بائیک کو لین کی پابندی کیلئے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران لاہور میں انٹیلی جنس ٹریفک سگنل مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا جبکہ سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے مؤثر اور پائیدار پلاننگ کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک رہنمائی کے لئے نصب اسکرینیں بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں سی ٹی اوعمارہ اظہر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی ٹریفک رسپانس یونٹ 15 کال پر ٹریفک جام والے ایریا میں پہنچے گا، 50ہیوی بائیک اور100 وارڈنز پر مشتمل اسپیشل یونٹ ٹریفک کلیئر کرنے کےلئے فوری کارروائی کرے گا، ٹریفک رسپانس یونٹ کو ایک ماہ کے لئے اسپیشل ٹریننگ کرائی گئی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹریفک رسپانس یونٹ کو ریڈ کریسنٹ سے فرسٹ ایڈ کورس بھی کرایا گیا، ہر موٹر بائیک پر پبلک ایڈریس سسٹم اور فرسٹ ایڈ باکس بھی نصب ہونگے اور ٹریفک وارڈن خصوصی کیمرے کے ذریعے ریکارڈنگ بھی کرے گا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، سی سی پی او بلال کمیانہ، ٹیپا، سیف سٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
