Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں ہلکے بادلوں کے ساتھ سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری

شہر قائد میں آج ہلکے بادلوں کے ساتھ سورج کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں آج ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں اس وقت جنوب مغربی سمت سے 10 سے 13  کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں موسم کی صورتحال کچھ طرح رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گر دو نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ شام یا رات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی اور جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

آج وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ صوبہ کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم شدید گرم جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بعد از دوپہر وسطی، جنو بی اضلاع میں تیز  اورگرد آلود ہوائیں چلنے کا ا امکان ہے۔

خیبرپختونخواہ کے بیشتر اضلاع جیسے دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ،کوہستان، چترال، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات میں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو،کرک، بنوں، ڈی آئی خان ،لکی مروت، ٹانک، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پر بارش کی توقع ہے۔

  پنجاب صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور  خشک جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

تاہم شام یا رات میں مری، گلیات، راولپنڈی،ااٹک، تلہ گنگ، چکوال، جہلم، گجرات، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل، سیالکوٹ، نارووالاور گوجرانوالہ میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 ڈی جی خان ،تونسہ، لیہ اور راجن پور میں بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش  ہو سکتی ہے۔

بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم خضدار، لسبیلہ اور آواران میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version